• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 22nd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

پاکستان نے بیلٹ اینڈ روڈ کے بارے میں منفی تاثر مسترد کردیاتازترین

April 20, 2023

اسلام آباد(شِنہوا) وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی ) کے ایک قرض کے جال کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے  کہا ہے کہ یہ تاثر بی آرآئی  کی روح کے منافی ہے۔

وفاقی وزیر نے میڈیا  سے گفتگومیں کہا کہ مقامی لوگ گواہی دے سکتے ہیں کہ (بی آر آئی) کا بہت مثبت اثر ہوا ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کی شکل میں بی آر آئی  کو پاکستان تک بڑھانے پر چین کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کو توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کمیونیکیشن اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان کی گوادر بندرگاہ اپنے آزاد زون اور چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے ساتھ خطے میں ایک بڑا تجارتی  مرکز بننے والی ہے جبکہ پاکستان گوادر بندرگاہ  کےسٹریٹجک مقام اور تجارت کی صلاحیت کی بدولت کم وقت میں چین کو سامان بھیج سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح پاکستان میں خاص طور پر کان کنی کے شعبے میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے جو ترقی کے بے پناہ امکانات کا حامل ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ  سی پیک منصوبوں کی پیشرفت اور ان پر عملدرآمد کی نگرانی کی جا رہی ہے اور موجودہ حکومت منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔