• Dublin, United States
  • |
  • May, 19th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

پاکستان کو اب تک کے بدترین سیلاب کا سامنا ،مزید امداد کی ضرورت ہے ، وزیراعظمتازترین

September 01, 2022

اسلام آباد(شِنہوا)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے ، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے زیادہ سے زیادہ تعاون کرے۔

غیرملکی میڈیا سے بات چیت میں وزیر اعظم نے کہا کہ تباہ کن سیلاب سے 1 ہزار 100 سے زائد افراد جاں بحق ، 10 لاکھ سے زائد بے گھر اور کھڑی فصلیں پانی میں بہہ گئی ہیں، بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ افراد کو پناہ گاہ ، خیمے ، مچھر دانیوں ، پینے کے صاف پانی اور علاج معالجے کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل استعمال کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس مقصد کیلئے مدد کرنے پر چین اور عالمی برادری کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک نے امدادی سامان بھیجنا شروع کر دیا ہے لیکن صورتحال پر قابو پانے کیلئے مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ مزید کہا کہ ملک کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنےوالا نقصان بہت زیادہ ہے اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مرمت اور متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے پر کم از کم 10 ارب امریکی ڈالر لاگت آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے معیشت کو بری طرح متاثر کیا جس سے قومی خزانے پر بوجھ پڑا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ پاکستان میں رواں موسم مون سون کی بارشوں کے باعث جون کے وسط سےاب تک ہونے والی اموات کی تعداد کم از کم 1 ہزار 136 ہوگئی ہے جبکہ 1 ہزار 634 افراد زخمی ہوئے ہیں۔