• Dublin, United States
  • |
  • May, 18th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے میں سی پیک کا مرکزی کردار ہےتازترین

April 04, 2023

اسلام آباد (شِںہوا) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا علمبردار منصوبہ ہے جو پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے۔

وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے ایک بیان کے مطابق  چین کے جنوبی صوبہ ہائی نان میں منعقدہ بوآؤ فورم برائے ایشیا سالانہ کانفرنس 2023 کے موقع پر چینی کاروباری اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک منصوبوں نے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دیا ہے۔

سی پیک کی کامیابی میں چینی کاروباری اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کو کبھی نہیں بھول سکتے جس نے ایسے وقت میں ان کی مدد کی جب پورا ملک بجلی کی کمی سے اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔

بیان میں وفاقی وزیرنے نئے مجوزہ سی پیک منصوبوں پر گفتگو کی جس میں  کراچی ساحلی جامع ترقیاتی زون منصوبہ اور کراچی ۔ حیدرآباد موٹروے الائنمنٹ منصوبہ شامل ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبے پاکستان میں سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بندرگاہوں، جہاز رانی اور خدمات سمیت ابھرتے شعبوں کے مرکز کے طور پر کام کریں گے اور نوجوانوں کے لئے نئی ملازمت کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔

احسن اقبال نے چینی کاروباری اداروں کو یقین دلایا کہ پاکستان میں ان کے منصوبوں پر مکمل عملدرآمد میں حکومت پاکستان بھرپور تعاون کرے گی۔