اسلام آباد (شِنہوا) نگراں وزیرمملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان چینی سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے نئے منصوبے متعارف کرانے کے ساتھ انہیں ملک کے قدرتی اور تاریخی مقامات کی طرف راغب کرے گا۔
2023 کو دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تبادلوں کے سال کے طور پر منانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وصی شاہ نے کہا کہ یہ سال صرف جشن کا نہیں ہے بلکہ پاکستان کے لیے چینیوں کو راغب کرکے عالمی سیاحتی منظر نامے پرخود کو متعارف کرانے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی جانب سے اندرون ملک اور بیرون ملک سفرکی خواہش میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور ہر سال چینی سیاح دنیا کی سیر کے لیے اپنے جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکڑوں اربوں ڈالر سفر پر خرچ کرتے ہیں، اگرہم چینی سیاحوں کی ایک چھوٹی سی تعداد کو بھی راغب کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاکستان بھی اس میں سے حصہ لے سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی سیاحوں کی سہولت کے لیے پاکستان نے ایک ای پورٹل بنایا ہے جس کے ذریعے اب چینی سیاح بھی سیاحتی ویزوں کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔