اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کی حالیہ شدید سیلاب سے نمٹنے میں مدد کر رہا ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک میں بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم سب سے زیادہ متاثرہ صوبوں بلوچستان اور سندھ میں حکام کی مدد کرنے میں مصروف ہے۔ اقوام متحدہ کی ٹیم نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے70لاکھ ڈالر جمع کرتے ہوئے 1ہزار100 میٹرک ٹن خوراک کا سامان ، ادویات اور غذائی سپلیمنٹس فراہم کیے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کا جلد سے جلد تخمینہ لگانے کے بعد مشترکہ کوششوں کو مربوط کرنے اور مزید وسائل فراہم کرنے کے لیے ایک رسپانس پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں گزشتہ ہفتے کے دوران کئی صوبوں میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب سے 8ہزار200 سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 16 اور 21 اگست کے درمیان آںے والے سیلاب سے 63 افراد ہلاک اور 115 دیگر زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تقریباً 3ہزار400 گھرتباہ ہوئے یا ان کو نقصان پہنچا ہے۔