اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں اقتصادی وسماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کے زیراہتمام پائیدار ترقی پر اعلیٰ سطح کاسیاسی فورم (ایچ ایل پی ایف) شروع ہوگیا،جس میں17 پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز)کو حاصل کرنے کی کوششوں کو دوبارہ متحرک کرنے کے لیے سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندے اور نجی شعبے کے شراکت دار شرکت کررہے ہیں۔
پائیدار ترقی کے اہداف کی رپورٹ 2023: کے گزشتہ روز شائع ہونے والے خصوصی ایڈیشن کے مطابق،دنیا بھر کے لوگوں اور سیارہ زمین کے لیے 2015 میں طے پانے والے پرعزم مقاصد کوویڈ-19 کی وبا اور بڑھتے ہوئے عالمی بحرانوں کی وجہ سے"پٹڑی سے اتر"چکے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2030 کے ایجنڈے کی منظوری کے بعد سے، دنیا میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور جغرافیائی سیاسی تناؤ کی وجہ سے مالی، توانائی، خوراک اور امدادی رکاوٹوں کی وجہ سے ایس ڈی جیزکی جانب پیش رفت توقعات کے مطابق نہیں رہی۔پائیدار ترقی پر اعلیٰ سطح کا سیاسی فورم(ایچ ایل پی ایف)2030 کے ایجنڈے کی تعاقب میں نصف مدت ختم ہونے کے موقع پر ہورہا ہے۔ عالمی بحالی کو تیز کرنے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، فورم میں ستمبر 2023 میں ہونے والے ایس ڈی جی سربراہی اجلاس کے لیے بنیادی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔