بیجنگ(شِنہوا) چین کے وزیراعظم لی کھ چھیانگ کی دعوت پر، وزیراعظم شہبازشریف یکم نومبر سے چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے بدھ کو روزانہ کی نیوزبریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وزارت عظمی کاعہدہ سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کا چین کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ شہبازشریف کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20ویں قومی کانگریس کے اختتام کے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی رہنماؤں میں سے ایک ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اسٹریٹجک باہمی اعتماد کا ثبوت ہے۔ دورے کے دوران چین کے صدرشی جن پھنگ شہبازشریف سے ملاقات جبکہ چینی وزیراعظم اپنے پاکستانی ہم منصب سے مذاکرات کریں گے،چین کی نیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین لی ژانشو بھی شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے رہنما دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔