بیجنگ(شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ امریکہ کی وجہ سے اس کے یورپی اتحادی بحران کی قیمت چکارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان ایک پریس بریفنگ میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے ایکٹ اور امریکہ کی طرف سے شروع کردہ چِپس اینڈ سائنس ایکٹ پرکی گئی تنقید سےمتعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا،جس کے بارے میں میکرون نے کہا تھا کہ یہ امریکہ اور یورپ کے درمیان اختلافات پیدا کرتے ہوئے مغرب کو تقسیم کر دے گا۔
ژاؤ نے کہا کہ اپنے مفادات کے لیے کی گئی امریکی قانون سازی میں دوسرے ممالک، حتیٰ کہ اس کے نام نہاد اتحادیوں اور شراکت داروں کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ امریکہ کی حاکمانہ سوچ کی ایک اور مثال ہے۔
حال ہی میں، کئی یورپی رہنماؤں اور حکام نے کہا ہے کہ امریکہ کو افراط زر میں کمی کے قانون کو اپنے دوستوں کے خلاف استعمال نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اس کے نتیجے میں مستقبل میں یورپ سرمایہ کاری سے محروم ہوسکتا ہے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یوکرین بحران سے امریکہ مستفید اور یورپ مہنگائی اور توانائی کی بلند قیمتوں کا مقابلہ کررہا ہے ژاؤ نے کہا کہ امریکہ یورپ کو ایک اہم اتحادی کہتا ہے لیکن حقیقت میں، امریکہ کی وجہ سے یورپ بحران کی قیمت چکا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آج تک، یورپ شام، افغانستان اور عراق میں امریکہ کی پیچھے چھوڑی گئی گندگی کو صاف کر رہا ہے۔