• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 28th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

ہواوے کی جانب سے ایتھوپین طلبا کو انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے جدید ترین علم کی فراہمیتازترین

December 07, 2022

ادیس ابابا (شِنہوا) چینی  ٹیکنالوجی  کمپنی ہواوے نے ایتھوپیا کی یونیورسٹی کے طلباء کے لئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ کمپنی نے اپنے  سیڈز فار دی فیوچر پروگرام کے ذریعے  طلباء  کو معلومات اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی ) پر مبنی جدید معلومات اور تجربے کے اشتراک کی تربیت فراہم کی ہے۔

ہواوے  نے  ایک بیان میں کہا کہ تجربے اور علم کی منتقلی کا یہ پروگرام ایک ہفتے تک جاری رہا جس میں  ایتھوپیا کی 12 یونیورسٹیز کے 66 طلباء کو تربیت فراہم کی گئی۔

ایتھوپیا کی وزارت تعلیم کے حکام کی موجودگی میں گریجویشن کی ایک آن لائن تقریب بھی منعقد کی گئی۔

بیان کے مطابق طلباء نے فائیو جی ، نیٹ ورکنگ اور کلاؤڈ جیسے اہم شعبوں میں نامور لیکچررز سے کٹنگ ایج ٹیکنالوجی اور جدت  کے بارے میں سیکھا۔

ہواوے نے سال 2008 میں سیڈز فاردی فیوچر پروگرام کا آغاز کیا تھا تاکہ دنیا بھر کی برادریوں  میں مقامی ڈیجیٹل صلاحیت  کو فروغ دینے میں مدد فراہم کی جا سکے۔

ایتھوپیا میں سال  2016 سے یہ پروگرام سالانہ بنیادوں پر  چلایا جا رہا ہےجس میں 200 سے زائد طلباء شریک ہوئے ہیں ۔

ہواوے ایتھوپیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر چھن منگ لیانگ نے گریجویشن تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام  انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ایتھوپیا کے نوجوان کو صلاحیت کے فروغ کا موقع فراہم کرے گا تاکہ ملک کے مستقبل کو سہارا دیا جا سکے۔