ہیوسٹن(شِنہوا) تارکین وطن کی آمد کے تازہ اضافے سے نمٹنے کے لیےوائٹ ہاؤس نے ٹیکساس کی جنوبی سٹار کاؤنٹی میں سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے 26 وفاقی قوانین کا اطلاق ختم کردیاہے۔
یہ بائیڈن انتظامیہ کا ایک یو ٹرن ہے کیونکہ سرحدی دیوار کی تعمیر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنی 2016 کی انتخابی مہم کاوعدہ تھا جس پرڈیموکریٹس نے شدید تنقید کی تھی۔ اس کے بعد سے صدر جو بائیڈن نے جنوری 2021 میں وائٹ ہاؤس میں اپنے پہلے ہفتے کے دوران تعمیر کو روک دیاتھا۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی (ڈی ایچ ایس ) کے سیکرٹری الیجینڈرو میئرکاس نے یو ایس فیڈرل رجسٹر پراپنے ایک نوٹ میں کہا کہ اس وقت ملکی سرحد کے آس پاس فزیکل بیریئرز اور سڑکیں تعمیر کرنے کی شدید اور فوری ضرورت ہے تاکہ پروجیکٹ کے علاقوں میں امریکہ میں غیر قانونی داخلے کو روکا جا سکے۔