کھٹمنڈو(شِنہوا)نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل نے صحت کے شعبے میں چین کی حمایت کی تعریف کی ہے جس میں کوویڈ-19 کے وبائی مرض کے دوران زندگی بچانے والی ویکسین، اہم طبی آلات اور دیگر طبی سامان شامل ہیں۔
نیپالی وزیر اعظم نے کھٹمنڈو میں چینی امداد سے اپ گریڈ و تعمیر نوکے بعد حوالے ہونے والے سول سروس ہسپتال اور چین کی پہلی طبی امداد ٹیم کو بیرون ملک روانہ کرنے کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر کھٹمنڈو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک قریبی پڑوسی اور دوست ملک چین کی طرف سے اس سخاوت اور حقیقی یکجہتی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کی حمایت کی بدولت ہم وبائی مرض کی مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ وبائی مرض کے بعد کی بحالی اب ہماری واحد ترجیح ہے۔
دہل نے تقریب میں تقریباً 300 شرکاء کو بتایا کہ نیپال کی ترقی کی کوششوں میں چین کی مسلسل حمایت ہمارے دوستانہ اور اچھے ہمسایہ تعلقات کی پہچان ہے۔
سول سروس ہسپتال ستمبر 2008 میں چین کے امدادی منصوبوں کے حصے کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ چین کی گوانگ ژوکنسٹرکشن انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ کے ذریعہ ستمبر 2018 میں شروع ہونے والے چائنہ ایڈ اپ گریڈ پروجیکٹ کے تحت موجودہ عمارتوں کو اپ گریڈ کرنے اور ان کی تزئین و آرائش کے ساتھ ایک نئی سرجیکل عمارت تعمیر کی گئی۔
دہل نے کہا کہ یہ ہسپتال نیپال اور چین کے گہرے اور قریبی اقتصادی تعاون کی علامت ہے جس سے دونوں ممالک کئی دہائیوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے بی پی کوئرالا میموریل کینسر ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور خدمات کی توسیع کے لیے چین کی مسلسل حمایت کا بھی ذکر کیا۔
1999 سے 14 چینی طبی ٹیمیں وسطی جنوبی نیپال کے بھرت پور میں کینسر ہسپتال بھیجی گئی ہیں جو دسمبر 1998 میں چینی حکومت کی گرانٹ سے بنایا گیا تھا۔
دہل نے نیپال میں سخت محنت کرنے پر 14ویں چینی طبی ٹیم کے 17 ارکان کو قومی صحت کے چیمپئن کا تمغہ اور تعریفی اسناد بھی دیں۔