کٹھمنڈو(شِنہوا) نیپال میں پائیدار ترقی کے لیے چین کی مالی اعانت سے پہلے نمائشی گاؤں کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے جس میں تقریباً 10 ہزار افراد شامل ہیں۔
یہ نمائشی گاؤں کٹھمنڈو وادی کے شمال میں تاراکیشور بلدیہ میں واقع ہے اور اسے چائنہ فاؤنڈیشن فار رورل ڈیویلپمنٹ (سی ایف آر ڈی) کی حمایت حاصل ہے۔
سی ایف آر ڈی کے سیکرٹری جنرل چھن ہونگ تاؤ نے کہا ہے کہ چینی فاؤنڈیشن نے 4 ہزار 500 گھروں میں پینے کے پانی کا منصوبہ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ 16 مقامی اسکولوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کے لئے سمائلنگ چلڈرن منصوبہ شروع کیا ہے۔
اس کے علاوہ پرائمری اسکول کے طالب علموں کے بنیادی سیکھنے کے حالات کو بہتر بنانے کے مقصد سے پانڈا پیک منصوبہ اور 80 نوجوان طالب علموں کے لئے سبزیوں کے پودے لگانے کا تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔
نیپال میں چین کے سفیر چھن سونگ نے نمائشی گاؤں کو غربت کے خاتمے میں چین اور نیپال کے تعاون کے لئے ایک نیا نقطہ آغاز قرار دیا۔
چھن نے اس موقع پر کہا کہ ہم مفید تجربے کا اشتراک کرنے اور اپنی صلاحیت کے مطابق نیپال کو مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔
تاراکیشور بلدیہ کے میئر کرشنا ہری مہاراجن نے پینے کے پانی کے منصوبے کے لئے سی ایف آر ڈی کی حمایت کی تعریف کی۔
انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔
نیپال حکومت کے سابق چیف سیکرٹری اور چین میں سابق سفیر لیلا منی پوڈیال نے 2015 کے شدید زلزلوں اور نوول کرونا وائرس کے دوران نیپال کے لئے چین کی حمایت کو یاد کرتے ہوئے بلدیہ پر زور دیا کہ وہ سی ایف آر ڈی کی حمایت کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے مثال قائم کرے۔