کھٹمنڈو (شِںہوا) نیپال میں کھٹمنڈو یو نیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے 16 برس قبل اپنے قیام سے اب تک تقریباً 50 ہزار افراد کو چینی زبان کی پرو فیشنل تربیت فراہم کی جبکہ یو نیورسٹی نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے فروغ میں مزید کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ہیبے یونیورسٹی آف اکنامکس اینڈ بزنس کے نائب صدر گاؤ شیاؤفینگ نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ نے نہ صرف نیپال میں جامعات ، کالجز، پرائمری اور سیکنڈری اسکولزمیں چینی زبان کے کورسز شروع کئے بلکہ نیپالی فوج اور سرکاری عہدیداروں کے لیے چینی کلاسز سمیت دیگر پروگرامز کا بھی آغاز کیا۔
نیپال، للت پور کی کھٹمنڈو یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی 16 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں ایک طالب علم شاؤلن کنگ فو کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ (شِںہوا)
گاؤ نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی 16 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں کہا کہ گزشتہ 16 برس کے دوران مختلف شعبوں کےلئے تقریباً 50 ہزار افراد کو چینی زبان کی تربیت فراہم کی گئی۔
محکمہ تعلیم ہیبے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل وانگ لی چھیان نے کہا کہ چین کے شمالی صوبے ہیبے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں نے گزشتہ برسوں کے دوران 15 ممالک میں 12 کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور 6 کنفیوشس کلاس رومز تعمیر کیے ہیں۔
وانگ نے مزید کہا کہ ان ممالک میں سے نیپال، زیمبیا اور تھائی لینڈ نے چینی زبان کو اپنے قومی تعلیمی نظام کا حصہ بنالیا ہے۔
کھٹمنڈو یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھولا تھاپا نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نہ صرف زبان کی تعلیم دیتا ہے بلکہ یہ ثقافتی تبادلوں کا حصہ بھی ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنی جامعہ میں انسٹی ٹیوٹ کے توسط سے اس تبادلے کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس کوشش کو مزید مستحکم کرنے کو تیار ہیں ۔