بیجنگ(شِنہوا) نیپال ۔ چین کاروباری سربراہی اجلاس بیجنگ میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک کے تقریباً 200 کاروباری نمائندوں نے مل کر عملی اقتصادی اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل پرا چاندا نے سر براہی اجلاس میں کہا کہ نیپال چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔امید ہے کہ چینی سرمایہ کار اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے نیپال میں موجود منفرد مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے دونوں فریقین کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی بھی امید ظاہر کی تاکہ باہمی فائدے اورہمہ جہت نتائج حاصل کیے جاسکیں۔
چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ کے نائب چیئرمین ژانگ شوگانگ نے کہا کہ کونسل تجارت کے فروغ کے مزید پلیٹ فارمز بنانے، نیپال کا دورہ کرنے کے لئے مزید اقتصادی اور تجارتی وفود کو منظم کرنے اور دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لئے نیپال سے خصوصی مصنوعات درآمد کرنے کے لئے چینی کاروباری اداروں کی مدد کرنے کی خواہش مند ہے۔
ژانگ نے کہا کہ کونسل نیپال میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے اور نیپال کی تیز رفتار صنعت کاری میں حصہ ڈالنے کے لئے مزید قابل چینی کاروباری اداروں کی بھی مدد کرے گی۔