ویلنگٹن(شِنہوا)نیوزی لینڈ کے وسطی علاقے میں 5.8 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے جیوسائنس ریسرچ سروس پروائیڈر نے جمعرات کی شام بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 9 بجکر 7 منٹ ( دوپہر 2 بجکر 7 منٹ پاکستانی وقت) پر نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے کے شمالی کنارے پرفرانسیسی پاس سے 30 کلومیٹر شمال مشرق کی جانب 51 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ جی این ایس سائنسز نے اسے ایک طاقتور زلزلہ قرار دیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے ویلنگٹن اور پورے نیوزی لینڈ میں محسوس کیے گئے۔ 44 ہزار سے زائد افراد نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے کی اطلاع دی ہے اور ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
نیوزی لینڈ گھوڑے کی نعل جیسے شدید آتش فشانی اور زلزلے کی سرگرمیوں والے زون کے جنوب مغربی کنارے پر واقع ہے جس کی وجہ سے یہاں اکثر زلزلےآتے رہتے ہیں ۔ یہ زون بنیادی طور پر غیر منقطع حالت میں بحرالکاہل کے حاشیہ کے اردگرد پھیلا ہوا ہے اسے بحرالکاہل کا حلقہ آتش بھی کہا جاتا ہے۔