• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 22nd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

نیوگوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آزمائشی پروازوں کا سلسلہ شروعتازترین

June 05, 2024

اسلام آباد (شِنہوا)چین کے تعاون سے بننے والے نیوگوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے پرآزمائشی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، پانچ روز تک جاری رہنے والا فلائٹ ٹیسٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ منصوبہ اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہونے والا ہے۔

ہوائی اڈے کی پراجیکٹ مینجمنٹ ٹیم کے سربراہ  ڈنگ کان نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گوادر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعمیر کیے جانے والے ہوائی اڈے کا فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے زیرانتظام کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلائٹ ٹیسٹ کا بنیادی مقصد منصوبے کی نیوی گیشن سہولیات، نیوی گیشن میں سہولت کی فراہمی،فلائٹ  کے طریقہ کاراور رن وے سطح کی کارکردگی کے حوالے سے کام کے معیار اور محفوظ ہونے کی جانچ کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹیسٹ منصوبے کی تعمیر کا ایک اہم ہدف ہے جو نئے ہوائی اڈے پر پروازوں کی حفاظت اور معیار کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

پراجیکٹ مینجمنٹ ٹیم کے چینی سربراہ  کا کہنا تھا کہ فلائٹ ٹیسٹ کی تکمیل کے بعد، پراجیکٹ حتمی سپرنٹ مرحلے میں داخل ہوگا اور توقع ہے کہ رواں سال مکمل ہونے کے بعد ہوائی اڈے کو مقامی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اکتوبر 2019 میں شروع ہونے والے اس 4 ایف کلاس ہوائی اڈے کی تعمیر سی پیک کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔