ہوسٹن(شِنہوا)امریکہ کی جنوب مغربی ریاست نیو میکسیکو کے سب سے بڑے شہر البیکرکی میں منتخب ڈیموکریٹک عہدیداروں کے گھروں یا دفاتر پر فائرنگ کے کم از کم ایک واقعہ سے ممکنہ تعلق کی بنا پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
محکمہ پولیس البیکرکی(اے پی ڈی) نے بتایا کہ نامعلوم مشتبہ شخص جس کی عمر 50 سال سے کم بتائی جاتی ہے، پر کسی بھی معاملے میں باضابطہ طور پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔
محکمہ پولیس البیکرکی کے سربراہ ہیرالڈ میڈینا نے ایک مختصر نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اے پی ڈی نے ایک آتشیں ہتھیار برآمد کیا ہے جس کا فائرنگ واقعات میں سے ایک کے ساتھ تعلق ہے۔
ہیرالڈ میڈینا نے بتایا کہ ہم ابھی تک کڑیاں جوڑنے اور یہ دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کون سے کیسز آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور کون سے نہیں۔ لہٰذا جب تک ہمیں مزید تفصیلات نہیں مل جاتی ہیں اور ہم یہ جانچ مکمل نہیں کر لیتے کہ ثبوتوں کا سراغ ہمیں کس جانب لے جا رہا ہے ہم اس سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔