واشنگٹن (شِنہوا) ایک نئی تحقیق میں مریخ کی سطح کے نیچے زیر زمین پانی کا ذخیرہ موجود ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
اندازے کے مطابق یہ پانی مریخ کی سطح سے تقریباً 7 سے 12 میل (11.5 سے 20 کلومیٹر) نیچے موجود ہے اور زیر زمین چٹانوں میں موجود دراڑوں کے اندر چھپا ہوا ہے۔ اس پانی کا حجم مریخ پر ممکنہ طور پر ایک عالمی سمندر بنانے کے لئے کافی ہے۔
یہ نتائج ناسا کے مارس ان سائٹ لینڈر کے مریخ کی سطح کی پیمائش سے اخذ کئے گئے ہیں جس نے 2018 اور 2022 کے درمیان مریخ کے اندرونی حصے کا پتہ لگانے کے لئے سیسمومیٹر کا استعمال کیا تھا۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے سان ڈیاگو کے اسکریپس انسٹی ٹیوٹ آف اوشنوگرافی سے وابستہ علم سیارہ کے سائنسدان واشن رائٹ کے مطابق مریخ پر موجود پانی 3 ارب برس قبل سیارے کی سطح پر موجود تھا جب وہاں دریا، جھیلیں اور سمندر تھے۔
یہ خیال کیا جارہا تھا کہ جیسے جیسے مریخ کی فضا کم ہوتی گئی اس کی سطح سے پانی ختم ہوگیا تاہم نئے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ پانی مریخ کی تہہ میں داخل ہوگیا تھا۔
رائٹ کا کہنا ہے کہ موسم ، سطح اور اندرونی ارتقاء کو سمجھنے کے لیے مریخ کے پانی کا گردشی عمل سمجھنا بہت ضروری ہے۔