لاس اینجلس(شِنہوا) ناسا کی ہبل اسپیس ٹیلی سکوپ نے تقریباً 5 کروڑ نوری سال کے فاصلے پر ایک کہکشاں کی نشاندہی کی ہے جس میں کچھ حیرت انگیز خصوصیات ہیں۔ میسیئر85 نامی اس کہکشاں میں تقریباً 400 ارب ستارے ہیں جن میں سے اکثر بہت پرانے ہیں۔ تاہم ناسا کے مطابق، اس کے وسطی حصے میں نسبتاً کم عمر ستار ے موجود ہیں جن کی عمر صرف چند ارب سال ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس علاقے میں موجود ستارے ستاروں کی تشکیل کے آخری دورمیں پیدا ہوئے ، جن کی پیدائش ممکنہ طور پر 4 ارب سال پہلے اس کہکشاں کے کسی اور کہکشاں کے ساتھ ضم ہونے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ میسیئر85 میں ایک اور ممکنہ طور پر عجیب و غریب خصوصیت موجود ہے۔ ناسا کا کہنا ہے کہ تقریباً ہر کہکشاں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے مرکز میں ایک بہت بڑا بلیک ہول ہے، لیکن اس کہکشاں میں ستاروں کی رفتار کی پیمائش کی بنیاد پر، یہ واضح نہیں ہے کہ میسیئر 85 میں ایسا بلیک ہول ہے یا نہیں۔