لاس اینجلس (شِنہوا) ناسا کے پہلے امریکی مشن،اوسیرس ریکس خلائی جہازسے ایک سیارچے بینوکے نمونے زمین پر واپس پہنچ گئے ہیں۔
ناسا نے کہا ہے کہ کسی سیارچے کے نمونے زمین پر لانے کا یہ امریکہ کا اپنی نوعیت کا پہلا مشن ہے جس سے ہمارے نظام شمسی کی پیدائش کے حوالے سے نئی معلومات فراہم ہوں گی۔
ناساکے مطابق خلائی جہاز نے پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر3 بج کر42منٹ پرسیمپل والے کیپسول کوزمین کی سطح سے تقریباً 1لاکھ 1ہزارکلومیٹر کے فاصلے سے چھوڑا، جو زمین سے چاند کے فاصلے کا تقریباً ایک تہائی ہے۔
کیپسول کیلیفورنیا کے ساحل کے اوپر پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بج کر42منٹ پرشیڈول کے مطابق زمین کی فضا میں داخل ہوا۔
یہ کیپسول تقریباً 10 منٹ بعد مقامی وقت صبح 10بجکر 52 منٹ(پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بج کر50منٹ) پرامریکی محکمہ دفاع کے یوٹاہ ٹیسٹ اینڈ ٹریننگ رینج پر اتر گیا۔اس نمونے کو سائنسی تجزیہ کے لیے پیر کو ہیوسٹن میں ناسا کے جانسن خلائی مرکز میں منتقل کیا جائے گا۔