لاس اینجلس (شِنہوا) امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ وہ پورے آسمان پر بالائے بنشفی روشنی کا سروے کرنے کے لیے ایک نیا مشن خلاء میں بھیج رہا ہے جس کا مقصد کہکشاؤں اور ستاروں کے ارتقاء کا مشاہدہ کرناہے۔
خلائی دوربین جسے الٹرا وائلٹ ای ایکس پلور (یو وی ای ایکس) کہا جاتا ہے کو 2030 میں ناسا کے اگلے ایسٹروفزکس میڈیم کلاس ایکسپلوررمشن کے طور پر لانچ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
یو وی ای ایکس انتہائی حساس مکمل آسمان سروے کرنے کے علاوہ کائنات میں بالائے بنفشی روشنی ذرائع کی طرف تیزی سے اشارہ کرنے کے قابل ہوگا۔
ناسا کے مطابق اس سے یہ ان دھماکوں کو جانچنے کے قابل ہو جائے گا جو نیوٹرون ستاروں کے ضم ہونے کے سبب کشش ثقل لہروں کے پھٹنے کے بعد ہوتے ہیں۔ یہ دوربین ایک الٹرا وائلٹ اسپیکٹروگراف بھی لیکر جائے گی جو ستاروں کے دھماکوں اور بڑے ستاروں کا مطالعہ کرے گی۔
واشنگٹن ڈی سی میں واقع ناسا صدر دفتر میں سائنس مشن ڈائریکٹوریٹ کی ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر نکولا فاکس نے کہا کہ ناسا کا "یو وی ای ایکس" ہمیں قریبی اور دوردراز کہکشاؤں کی نوعیت بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا اور ساتھ ہی ہماری بدلتی کائنات میں رونما واقعات پر بھی نگاہ رکھے گا۔
فاکس نے کہا کہ یہ مشن خلائی دوربینوں کے ہمارے بیڑے میں قریب اور دور بالائے بنفشی روشنی کی نمایاں صلاحیت بڑھائے گا ،سروے کے اعداد و شمار ایسا خزانہ ہوں گے جو کائنات کے رازوں کا کھوج لگانے میں نئی راہ کھولے گا۔