اوسلو(شِنہوا) ناروے نے باضابطہ طور پر فلسطین کو ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم جوناس گہر سٹور نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ناروے فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کا درجہ دینے کی حمایت کرتا ہے۔
ناروے کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے ملک کی طرف سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ 28 مئی سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ دو ریاستی حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکتا اور فلسطینی ریاست کے بغیر کوئی دو ریاستی حل ممکن نہیں ہے بالفاظ دیگر مشرق وسطیٰ میں امن کے حصول کے لیے فلسطینی ریاست کا قیام ایک شرط ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان علاقائی حد بندی 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ہونی چاہیے، جس میں یروشلم دونوں ریاستوں کا دارالحکومت ہو ۔ یہ موقف کسی حتمی سرحدی تصفیے کے لیے تعصب کے بغیر ہے، جس میں زمینوں کا تبادلہ شامل ہو سکتا ہے۔