ابوجا (شِںہوا) نائجیریا کی جنوبی ریاست انامبرا میں اختتام ہفتہ ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 76 افراد ہلاک ہوگئے۔
نائجیریا کے صدر محمدو بوہاری نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ امدادی اداروں نے اس سانحہ میں ہلاکتوں کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے اس پر دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔
بیان کے مطابق ریاست انامبرا کے علاقے اوگبارو میں ایک کشتی الٹ گئی تھی جس میں 85 مسافر سوار تھے۔
نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (این ای ایم اے) کے جنوب مشرقی علاقائی رابطہ کار تھیک مین تانیمو نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں اس حادثے کی سیلاب کے علاوہ دیگر وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔
سانحے کے بعد نائجیریا کی نیشنل ان لینڈ واٹر ویزاتھارٹی اور نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے انامبرا میں امداد اور بحالی کا کام شروع کردیا ہے۔
بوہاری نے کہا کہ انہوں نے دیگر امدادی اور ریلیف کے کاموں بارے اداروں کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔ متعلقہ سرکاری اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقامی ٹرانسپورٹ کشتیوں پر حفاظتی اقدامات کی جانچ پڑتال کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا سکے۔