نائجیریا کی وسطی ریاست کوارا میں ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 103 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 100 کے قریب دیگر افراد کو بچالیا گیا۔ کوارا میں پولیس ترجمان اجائی اوکاسنمی نے فون پر شِنہواا کو بتایا کہ یہ حادثہ ریاست کے پاٹیگی بلدیاتی حکومتی علاقے میں ایک دریا میں پیش آیا۔ حادثہ کا شکار ہونے والے مسافر وسطی علاقے میں پڑوسی ریاست نائجر سے گھر لوٹ رہے تھے۔ اوکاسنمی نے کہا کہ کچھ افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاٹیگی بلدیاتی حکومتی علاقے کی کپاڈا کمیونٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پولیس افسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کشتی میں 200 سے زائد افراد سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر متاثرین کو بچانے اور لاشوں کی تلاش کے لئے امدادی کارکنوں اور حکومت کے دیگر اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔ قبل ازیں ایک بیان میں ریاست کوارا کے گورنرعبدالرحمن عبدالرزاق نے کہا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والے مسافر ہمسایہ ریاست نا ئجر میں ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ مغربی افریقی ملک میں کشتیوں کے حادثات اکثر گنجائش سے زائد سواریوں ، خراب موسم اور ناقص آپریشنز کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی