قاہرہ(شِنہوا) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بین الاقوامی اور علاقائی امور میں چین کے ساتھ مصر کے تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عرب چین اور افریقہ-چین تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیاہے۔
مصری صدر نے دارالحکومت قاہرہ میں چین کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ چھن گانگ سے ملاقات کی۔
صدر سیسی نے گزشتہ سال اکتوبر میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20ویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد پر ایک بار پھر مبارکباد پیش کرتے ہوئےوزیر خارجہ چھن سے کہا کہ وہ صدر شی جن پھنگ کو ان کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کریں۔
مصری صدر نے کہا کہ چین ایک عظیم ملک ہے اور اس کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا، اور یہ کہ دونوں ممالک کی دوستی تاریخی طور پر "اٹوٹ" رہی ہے۔
سیسی نے زور دے کر کہا کہ مصر ون چائنہ اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا رہتے ہوئے چین کے اندرونی معاملات میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کی بھرپور مخالفت کرے گا۔
مصراور چین کی جانب سے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے (بی آر آئی) کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے کے نتیجہ خیز فوائدکو سراہتے ہوئے سیسی نے کہا کہ وہ چینی کاروباری اداروں کا مصر میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔