قاہرہ (شِنہوا) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے دورہ پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کے ساتھ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
مصری ایوان صدر نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ السیسی نے صورتحال کومعمول پر لانے اور دونوں فریقوں کے یکطرفہ اقدامات کو محدود کرنے کے لیے سیاسی اور سیکورٹی سطح پر فوری کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔
مصری صدر نے ایک منصفانہ اور جامع حل تک پہنچنے کے لیے مصر کے طے شدہ موقف کا اعادہ کیا جو بین الاقوامی حوالوں کے مطابق فلسطینی عوام کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور اس اہم علاقائی مسئلے کو حل کرتا ہے اور امن، استحکام، تعاون کے امکانات کی راہ ہموار کرتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ بلنکن جو مشرق وسطیٰ کے تین روزہ دورے پر ہیں نے کہا کہ امریکہ استحکام کی بحالی، امن قائم کرنے اور فلسطینی اور اسرائیلی فریقوں کے درمیان صورتحال پر قابو پانے کے لیے مصر کے ساتھ بھرپور تعاون کررہا ہے۔
بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے مشترکہ تشویش کے کئی علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انتونی بلنکن اب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے لیے اسرائیل روانہ ہوں گے جس کے بعد وہ فلسطینی صدر محمود عباس سے اسرائیل کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی سے متعلق بات چیت کیلئے رم اللہ بھی جائیں گے۔