بیت المقدس(شِنہوا)اسرائیلی پولیس نے مشرقی بیت المقدس کی مسجد الاقصی کے احاطے پر مسلسل دوسرے دن چھاپہ مارا، جس سے جھڑپیں شروع ہوئیں اور غزہ سے اسرائیل کے جنوبی علاقوں کی طرف مزید راکٹ داغے گئے۔
فلسطینی ہلال احمر کے ایک بیان کے مطابق کم سےکم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
حساس کمپاؤنڈ کے انچارج اسلامی وقف نے اطلاع دی کہ پولیس نے نمازیوں کو منتشر کرنے کے لیے سٹن گرینیڈ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا کہ پولیس نے کمپاؤنڈ پر اس وقت دھاوا بول دیا جب تقریباً 20 ہزار نمازی رمضان کی نماز تراویح ادا کر رہےتھے۔
اسرائیل کی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قانون شکنی کرنے والے درجنوں نوجوانوں نے فسادات بھڑکانے کے لیے مسجد کے اندر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔
بیان کے مطابق نوجوانوں کی جانب سے مسجد کے دروازے بند کرنے کی کوشش کے بعد فورسز اندر گھس گئیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں نے لوگوں کو اشتعال انگیزی پراکسایا، پٹاخے چلائے، اور جائے وقوعہ پر کام کرنے والے پولیس افسران پر اشیاء پھینکیں۔
اسرائیلی حملوں کی پوری مسلم دنیا اور اقوام متحدہ کی جانب سے مذمت کی گئی۔