بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر ان کا ملک امن، انصاف، بین الاقوامی قانون، بیشتر ممالک کی مشترکہ خواہشات اور انسانی ضمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے ان خیالات کا اظہار یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے جوزپ بوریل کے ساتھ چین-یورپی یونین اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 12ویں دور کے انعقاد کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
وانگ نے کہا کہ اس تنازعے کے دوران بہت سے شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں اور انسانی صورتحال تیزی سے خراب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین شہریوں کے لیے نقصان دہ اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی پر مبنی ان تمام کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔
موجودہ صورتحال کے بارے میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اولین ترجیح جنگ بندی اور لڑائی کو جلد از جلد روکنا، بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری اور شہریوں کا مکمل تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ممالک پرامن رہیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں، معروضیت اور انصاف پسندی کو برقرار رکھیں اور اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے دیں جس کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو عملی اقدامات اٹھانا چاہیئں۔