تہران(شِنہوا)ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اگر ایرانی قوم کے مفادات کی ضمانت دی جائے تو تہران 2015ء کے جوہری معاہدے کی بحالی کے معاملے کو منصفانہ طور پر حل کرنے کیلئے مضبوط ارادہ رکھتا ہے۔
ایرانی ایوان صدر کی ویب سائٹ کے مطابق ابراہیم رئیسی نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے نیک نیتی اور مستحکم ارادے کے ساتھ 2015ء میں ایک معاہدے کو قبول کیا تھا لیکن امریکہ اپناوعدہ توڑ کر پابندیاں عائد کر رہا ہے ، ان پابندیوں کی تاریخ میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی۔
ایرانی صدر نے باورکرایا کہ واشنگٹن معاہدے سے پیچھے ہٹا تھا ایران نہیں۔انہوں نے کہا کہ وعدوں کی پاسداری ایران کی مذاکراتی منطق ہے۔