اسلام آباد(شِنہوا)پاکستان میں جمعہ کے روز ملک گیر انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم کا آغازکر دیا گیا ہے ، ملک سے اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے مہم کے دوران 5 سال سے کم عمرلاکھوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ سرکاری صحت حکام کے مطابق چاروں صوبوں میں ہزاروں پولیو ورکرز بچوں کو ان کی دہلیز پر قطرے پلانے کی مہم میں حصہ لیں گے، ملک بھر میں زیادہ خطرے والےاضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک تقریب میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم کا آغاز کرتے ہوئے ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے عزم کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں پولیو اب بھی ایک وبائی مرض کے طور پر موجود ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو کےقطرے پلانے سے محروم نہ رکھیں اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے میں حکومت کی مدد کریں۔ شہبازشریف نے حکومتی رہنماؤں، صحت کارکنان اور والدین سے بھی اس میں کردار ادا کرنے پر زوردیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس بیماری سے کبھی کوئی بچہ مفلوج نہ ہو۔