لیلونگوے(شِنہوا)ملاوی کے صدر لا زاروس چک ویرا نے نائب صدر سالوس چیلیما کو لے جانے والے لاپتہ طیارے کی تلاش اور امدادی کارروائیوں کیلئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔
ٹی وی پر قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکہ ،برطانیہ،ناروے، اسرائیل اور پڑوسی ممالک سے مدد مانگی ہے۔ عالمی برادری نےہائی ٹیک سرچ اینڈ ریسکیو ٹیکنالوجی کے ساتھ طیارے کی تلاش کیلئے ہماری سکیورٹی ایجنسیز کیساتھ تعاون کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عالمی مدد کا انتظار ہے تاہم میں نے اپنے طور پر تلاش اور بچاو آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔
صدر کے مطابق ملاوی ڈیفنس فورس کا طیارہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے شمالی ملاوی کے مززو ہوائی اڈے پر لینڈ نہیں کر سکا تھا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجے طیارے کے ریڈار سے رابطہ منقطع ہونے قبل پائلٹ کو کہا گیا تھا کہ وہ لیلونگوے کے کاموزو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واپس آجائے۔
صدر نے تمام باشندوں سے جہاز میں سوار افراد اور ان کے اہل خانہ کی زندگیوں کے لیے دعا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وہ زندہ بچ سکتے ہیں۔
نائب صدر ملک کے سابق اٹارنی جنرل اور وزیر انصاف رالف کسامبارا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، جو جمعہ کو لیلونگوے میں ایک لاج کے ایک کمرے میں مردہ پائے گئے۔