کوالالمپور(شِنہوا) ملائیشیاکے وزیر اعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ ملائیشیا نے برکس میں شامل ہونے کیلئے تنظیم کے صدر ملک روس کو اپنی ایک درخواست بھیج دی ہے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم دفتر کے بیا ن کے مطابق ملا ئیشیا کی برکس میں شمولیت کی خواہش روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے ساتھ بات چیت کا بنیادی نقطہ تھی جنہوں نے دو روزہ ورکنگ دورے کے حصے کے طور پر وزیر اعظم انور سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ برکس میں ملائشیا کی درخواست کے علاوہ دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں بالخصوص سرمایہ کاری اور تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت، دفاع اور فوج، تعلیم اور سیاحت اور ثقافت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بات چیت بنیادی طور پر برکس اتحاد کی رکنیت کے لئے ملائیشیا کی حالیہ درخواست پر مرکوز تھی ، جس کی روس اس وقت صدارت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممکنہ رکنیت دونوں ممالک کے لئے خاطر خواہ مواقع پیداکرنے کا باعث ہو گی اوراس سے مضبوط بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ہماراعزم ظاہر ہوتا ہے۔
اس موقع پرروسی وزیر خارجہ لاوروف نے کہا کہ روس برکس میں ملائشیا کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس دلچسپی کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔