رم اللہ(شِنہوا)شمال مغربی کنارے کے شہر جنین کے قریب واقع قصبہ قباطیہ میں بدھ کی صبح اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں دو فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ قباطیہ میں ہونے والی شدید جھڑپوں کے دوران گولی لگنے کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشیں خون سے لت پت تھیں۔
فلسطینی ڈاکٹرزاورعینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیل کے خلاف حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں اسرائیلی سیکورٹی فورسز کو مطلوب فلسطینیوں کی گرفتاری کے لیے اسرائیلی فوجیوں کے ایک دستے نے بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے قباطیہ کے مرکز پر دھاوا بول دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قصبے میں فلسطینی عسکریت پسندوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ قصبے میں دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ تیسرا فلسطینی شدید زخمی ہوا تھا اور اسے اسرائیلی فوجیوں نے قصبے سے نکالنے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔
جنوری کے اوائل سے اسرائیلی فوج روزانہ فلسطینی قصبوں، دیہاتوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر چھاپے مار رہی ہے تاکہ مبینہ طور پر اسرائیل کے خلاف حملوں میں ملوث فلسطینیوں کو گرفتار کیا جا سکے۔
فلسطینی وزارت صحت نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ جنوری سے لے کر اب تک فلسطینی علاقوں پر روزانہ چھاپوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 100 سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔
ادھر اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے کے دوران 19 اسرائیلی مارے گئے۔