یروشلم/رم اللہ(شِنہوا)اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک چھاپے کے دوران ایک بزرگ خاتون سمیت کم از کم نو فلسطینیوں کوقتل کر دیا۔جمعرات کوفلسطینی ذرائع نے بتایا کہ خطے میں بڑھتے ہوئے تشدد کا یہ ایک اور واقعہ شمالی مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا۔یہ قصبہ جنگجووں کا گڑھ رہا ہے اور تقریبا ایک سال سے مسلسل اسرائیلی چھاپوں کا ہدف ہے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے عسکریت پسندوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنانے کے لیے پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کرکارروائی کی۔ فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کم از کم نو افراد جاں بحق اور 13 دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں تین شدید زخمی ہیں۔ایک الگ بیان میں فلسطینی وزیر صحت مائی الکائلہ نے اسرائیلی فورسز پر ایک اسپتال میں بچوں کے وارڈ میں آنسو گیس پھینکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قابض افواج نے جنین کے سرکاری ہسپتال پر دھاوا بولا اور جان بوجھ کر ہسپتال کے شعبہ اطفال پر آنسو گیس کے گولے داغے۔جنین ہسپتال نے جاں بحق ہونے والی ایک 60سالہ معمر خاتون کی شناخت مگدا عبید کے نام سے کی ہے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج اور قومی انسداد دہشت گردی فورس یمام نے جنین کے پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا تاکہ فلسطینی مسلح گروپ اسلامی جہاد سے تعلق رکھنے والیدہشت گرد اسکواڈ کو گرفتار کیا جا سکے۔ اسرائیلی فوجیوں اور اسلامی جہاد اسکواڈ کے ارکان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس حوالیسے خفیہ معلومات اسرائیل کی شن بیٹ کی داخلی سلامتی ایجنسی کی طرف سے فراہم کی گئی۔جھڑپ میں کسی اسرائیلی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔اسرائیل کے سرکاری کان ٹی وی کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ وسیع تر کشیدگی کے خدشے کے پیش نظر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعلی سکیورٹی حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس طلب کیا ہے۔فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں مغربی کنارے میں 170 سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوئے، اور اس سال جنوری میں کم از کم 29 افرادمارے گئے۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق 2006 کے بعد 2022 فلسطینیوں کے لیے سب سے ہلاکت خیز سال تھا۔گزشتہ سال دسمبر میں اسرائیل کی نئی دائیں بازو کی حکومت کے حلف اٹھانے کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔