رم اللہ(شِنہوا) مغربی کنارے کے شہر رم اللہ میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران کم سے کم چھ فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ چھ میں سے دو افراد معمولی زخمی جبکہ دیگر ربڑ کی گولیاں لگنےسے زخمی ہوئے۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ درجنوں اسرائیلی فوجی جیپوں اور بکتر بند گاڑیوں نے رم اللہ شہر کے متعدد محلوں پر دھاوا بول دیا اور کئی عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کر دیئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے 2022 میں یروشلم میں ہونے والے دوہرے ریموٹ بم حملے میں ملوث اور اسرائیلی جیل میں قید ایک فلسطینی اسلام الفاروق کے گھر کو گھیرے میں لے لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں پتھراؤ کرنے والے درجنوں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جنہوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس، ربڑ کی گولیاں اور براہ راست گولہ بارود استعمال کیا۔