اقوام متحدہ (شِنہوا) لیبیا کے مشرقی علاقے میں طوفان دانیال کے بعد 16 ہزارسے زائد بچے بے گھر ہوئے ہیں اور انہیں نفسیاتی امراض لاحق ہونے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کے مطابق صحت، اسکول کی تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی جیسی ضروری خدمات میں کمی سے بہت سے بچے متاثر ہوئے ہیں۔
اگرچہ ہلاک شد گان میں بچوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم یونیسیف کو خدشہ ہے کہ اس آفت میں سینکڑوں بچے لقمہ اجل بن سکتے ہیں کیونکہ بچے آبادی کا تقریباً 40 فیصد ہیں۔
یونیسکو نے بتایا کہ صحت و تعلیم کا بنیادی ڈھانچہ بڑے پیمانے پر تباہ ہوا ہے جس سے بچوں تعلیم میں ایک بار پھر خلل پڑنے اور مہلک بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ ہے۔
آبی وسائل اور نکاسی آب نیٹ ورک کو نقصان کے سبب پانی کی فراہمی مسائل سے دوچار ہے جس سے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور زیرزمین پانی کے آلودہ ہونے کا خدشہ ہے۔ صرف درنا میں پانی کا 50 فیصد نظام تباہ ہوچکا ہے۔
یونیسیف بحران کے دوسرے دن سے ہی لیبیا کے مشرقی خطے میں بچوں کی فعال طریقے سے مدد کر رہا ہے۔