طرابلس (شِنہوا)بین الاقوامی ادارہ برائے ترک وطن(آئی او ایم) نےتصدیق کی ہے کہ یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے 61 تارکین وطن لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے 120 کلومیٹر مغرب میں مغربی لیبیا کے شہر زوارا کے ساحل کے قریب سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔
آئی او ایم کی ٹویٹ کے مطابق مہاجرین، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، لیبیا کے قریب ایک المناک بحری جہاز کے حادثے کے نتیجے میں ڈوب گئے۔
آئی او ایم نے زندہ بچ جانے والوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کشتی زوارا سے لیبیا کے ساحلوں سے نکلی تو اس میں تقریباً 86 افراد سوار تھے۔
آئی او ایم کے مطابق مرکزی بحیرہ روم بدستور دنیا کے سب سے خطرناک نقل مکانی کے راستوں میں سے ایک ہے۔
آئی او ایم کا کہنا ہے کہ لیبیا ان ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کے لیے روانگی کا ایک پسندیدہ مقام بن گیا ہے جو بحیرہ روم کو عبور کر کے یورپی ساحلوں تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ اس سال اب تک مجموعی طور پر15 ہزار 383 غیر قانونی تارکین وطن کو بچا کر لیبیا واپس بھیج دیا گیا ہے۔