طرابلس(شِنہوا)لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں حکومت سے وابستہ حریف مسلح گروہوں کے مابین 2 راتوں تک مسلح جھڑپیں جاری رہنے کے بعد امن بحال ہو گیا ہے ، ان جھڑپوں میں تقریباً 200 افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
طرابلس سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ نے جھڑپوں کی وجہ سے جلنے اور تباہ ہونیوالی درجنوں گاڑیوں کو ہٹانےکے بعد چھوٹی و بڑی شاہراہوں کو دوبارہ کھول دیا ہے۔
دکانیں دوبارہ کھل گئی ہیں جبکہ پیر کو بیشترسرکاری ادارے اور سکول کھلنے کی توقع ہے۔
پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان کی طرف سے مقرر کردہ حکومت اور قومی اتحاد کی حکومت کے حامی مسلح گروپوں کے درمیان جھڑپیں جمعہ کو شروع ہوئی تھیں ، ایوان نمائندگان کی مقرر کردہ حکومت طرابلس میں اقتدار سنبھالنے اور کام شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور طرابلس میں قائم قومی اتحاد کی حکومت انتخابات سے قبل اقتدار سونپنے سے انکاری ہے۔
پارلیمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ حکومت کے وفادار مسلح گروپ طرابلس سے پسپا ہو گئے ہیں جبکہ قومی اتحاد حکومت کے وفادار مسلح گروپوں نے حریف مسلح گروپوں کے ہیڈ کوارٹرز پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔