بیروت(شِنہوا)لبنان کی پارلیمنٹ ایک بار پھر نئے صدر کے انتخاب میں ناکام ہوگئی ہے جبکہ سبکدوش ہونیوالے صدر مشیل عون کی مدت ختم ہونے میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔
لبنان کی قومی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایوان کے سپیکر نبیہ بری نے اعلان کیا کہ پیر کے روز ہونیوالے اجلاس میں 128 میں سے 114 نائبین نے شرکت کی ، جس کے نتیجے میں مشیل معاواد کو 39 اور عصام خلیف کو 10 ووٹ پڑے جبکہ 50 ووٹ خالی نکلے اور کچھ ووٹوں پرسیاسی نعرے درج تھے۔
یہ چوتھا موقع ہے کہ لبنانی پارلیمنٹ صدر کے انتخاب میں ناکام رہی ہے ۔ گزشتہ تین انتخابات 29 ستمبر، 13 اکتوبر اور 20 اکتوبر کو ہوئے تھے۔
سیاسی جماعتوں کی جانب سے آئندہ صدر پر اتفاق رائے تک پہنچنے میں ناکامی کے باعث صدارتی خلا کے خدشات جنم لے رہے ہیں کیونکہ ملک بدستور شدید مالی بحران کا شکار ہے۔
گزشتہ برسوں کے دوران لبنان پر حکومت کرنیوالے سیاسی دھڑوں کے درمیان تقسیم کے نتیجے میں صدارتی خلا کے کئی ادوار گزر چکے ہیں۔
نبیہ بری نے کہا ہے کہ وہ صدر کے انتخاب کیلئے ایک اور پارلیمانی اجلاس طلب کریں گے لیکن انہوں نے اس کی کوئی تاریخ نہیں بتائی۔