بیروت(شِنہوا) لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں پیر سے ابتک جاں بحق افراد کی تعداد 558 ہو گئی ہے، جن میں 50 بچے اور 94 خواتین شامل ہیں، زخمیوں کی تعداد 1ہزار835 تک پہنچ گئی ہے۔ لبنان کے وزیر صحت فراس ابيض نے منگل کو بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 14 ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں چار پیرامیڈیکس جاں بحق اور 16 دیگر زخمی ہوئے۔ انہوں نے شہریوں، طبی ٹیموں اور بنت جبیل ہسپتال کو نشانہ بنانے پر اسرائیلی افواج کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ صرف حزب اللہ کو نشانہ بنانے کے اسرائیلی دشمن کے دعوے غلط ہیں؛ ہم نے جن اعداد و شمار کا ذکر کیا ہے وہ ظاہر کرتے ہیں کہ دشمن معصوم شہریوں اور طبی عملے کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے پیر سے جنوبی اور مشرقی لبنان کے دیہاتوں اور قصبوں پر شدید فضائی حملے شروع کررکھے ہیں،ہزاروں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔