بیروت (شِنہوا) لبنان میں تعینات چین کے 21 ویں امن دستے کے 410 امن فوجیوں کو ملک کے جنوب میں استحکام اور امن برقرار رکھنے کے غیر معمولی عزم پر اقوام متحدہ کے امن تمغوں سے نوازا گیا ہے۔
لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل) کے حصہ کے طور پر چینی امن دستے کے اعزاز میں ملک کے جنوبی گاؤں ہنیا میں چینی امن دستوں کے کیمپ میں میڈل پریڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو این آئی ایف آئی ایل کے کمانڈر ارولڈو لازارو سائینز نے اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے چینی حکومت کی مسلسل حمایت اور غیر معمولی عزم کی تعریف کی۔
لبنان میں چین کے سفیر چھیان من جیان، دفاعی اتاشی ژینگ یوچھونگ، لبنانی مسلح افواج کے نمائندوں، مقامی حکام اور یو این آئی ایف آئی ایل کے سویلینز ور فوجی اہلکاروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
یو این آئی ایف آئی ایل کے سربراہ نے کہا کہ یہ لبنانی معاشرے، اس کے عوام اور حکام دونوں کے درمیان اور یو این آئی ایف آئی ایل امن دستوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کا ثبوت ہے، جن کی نمائندگی اس بار چین کے امن دستے کر رہے ہیں۔
چینی امن دستوں کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تمغہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ کی گئی آپ کی سخت محنت کے اعتراف میں تعریف کی علامت ہے۔