رام اللہ (شِنہوا)فلسطینی تنظیم فتح کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ قطر میں ہونےوالے جنگ بندی مذاکرات غزہ کی پٹی میں جاری تنازعے کے خاتمے کی طرف اہم قدم ہے۔
فلسطینی تحریکِ حریت (فتح) کی مرکزی کمیٹی کے سیکریٹری جنرل جبریل رجب نے وسطی مغربی کنارے کے شہر البریح میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ قطر میں ہونیوالی بات چیت فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کا ایک حقیقی نقطہ آغاز ہے اور جنگ بندی کا اعلان قبضے اور جارحیت کے خاتمے کا پیش خیمہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عرب اور فلسطینی علاقوں پر جاری اسرائیلی قبضے اور اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی قانونی حیثیت کو مسلسل نظر انداز کرنے کی وجہ سے علاقائی استحکام اور عالمی امن کو لاحق خطرے سے نمٹنے کی سمت میں پہلا قدم ہوسکتا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی عوام چاہے وہ غزہ میں ہوں یا مغربی کنارے میں ،ان کا انتخاب یہ ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے اپنے اوپر ہونے والی جنگی جرائم سمیت شہداء، قیدیوں اور لاپتہ افراد کے باوجود ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا کوئی بھی حل اس بات میں مضمر ہے کہ بین الاقوامی قانونی حیثیت کے فیصلوں کے مطابق اسرائیل کے ساتھ فلسطینی عوام کا اپنی سرزمین پر قیام کا حق سلامتی اور امن کے ساتھ تسلیم کیا جائے اور اسرائیلی توسیع اور ہمارے حقوق سے انکارکی پالیسی کو ترک کیا جائے۔