انقرہ(شِنہوا) ترکی کی پارلیمنٹ نے فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے دوران سیکورٹی میں مدد فراہم کرنے کیلئے قطرمیں فوج بھیجنے سے متعلق ایک تحریک کی منظوری دیدی ہے۔
ترکی کی پارلیمنٹ نےایک بیان میں کہا کہ قطر کی درخواست پر ہفتے کے روز پارلیمنٹ میں ایک تحریک پیش کی گئی تھی کہ نومبر میں ہونیوالے فٹ بال ٹورنامنٹ کے دوران سیکورٹی فراہم کرنے کی خاطر قطر میں 6 ماہ کیلئے ترک فوجی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔
بیان میں مزید کہاگیا کہ اس اقدام کا مقصد مختلف خطرات خصوصاً دہشتگردی کیخلاف ضروری اقدامات کرنا ہے ، یہ خطرات ایونٹ کی سیکورٹی کو متاثر کر سکتے ہیں۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے علاوہ پاکستان ، امریکہ، فرانس، برطانیہ اور اٹلی بھی قطر میں ہونیوالے ورلڈ کپ کے دوران سیکورٹی معاونت فراہم کریں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فیفا فٹ بال ٹورنامنٹ کی تیاریوں میں مصروف قطر کوسیکورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔