دوحہ(شِنہوا)قطر اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)نے اپنی سفارتی نمائندگی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قطر کی نیوزایجنسی (کیو این اے) نے پیر کو رپورٹ میں کہا کہ ابوظہبی میں قطر کا سفارت خانہ اور دبئی میں اس کا قونصل خانہ جبکہ دوحہ میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ پیر کو دوبارہ کھل جائے گا۔کیو این اے نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیاکہ یہ اہم قدم دونوں ممالک کی قیادتوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور مشترکہ عرب اقدامات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار کا حامل ہے جس سے دونوں برادر ملکوں کے عوام کی امنگیں پوری ہو سکیں گی۔جون 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کی جانب سے دہشت گردی کی مبینہ حمایت اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنیپر قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا جبکہ قطر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔