نئی دہلی(شِنہوا) بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ایک تیز رفتار بس اور سامان سے لدے ٹرک میں تصادم کے باعث کم از کم 10 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ حادثہ مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے تقریباً 180 کلومیٹر شمال مشرق میں ضلع ناسک کے علاقہ سنار میں جمعہ کے روز پیش آیا۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ آج صبح ناسک ۔ شرڈی ہائی وے پر واوی پٹھارے گاؤں کے قریب ایک بس سامان سے لدے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں چند کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق مرنے والوں میں 7 خواتین اور2 بچے شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نجی لگژری بس ضلع تھانے کے علاقے عنبرناتھ سے روانہ ہو کر ضلع احمدنگر کے مذہبی قصبے شرڈی کی طرف جا رہی تھی۔
فوری طور پر حادثے کی وجوہات سے متعلق معلومات دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔