• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

کویت،مزدوروں کی رہائش گاہ میں آتشزدگی،41 افراد ہلاک ،درجنوں زخمیتازترین

June 12, 2024

کویت سٹی (شِنہوا) کویت کے جنوبی علاقے المنقف میں مزدوروں کی رہائش گاہ میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 41 افراد ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے ہیں،ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی اکثریت کا تعلق بھارت سے ہے۔

اول نائب وزیر اعظم،وزیر دفاع اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف الصباح نے کویت ٹی وی سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اب تک 41 افراد ہلاک ہو چکے ہیں انہوں نے اس سانحے کی وجہ کمپنی اور عمارت کے مالکان کی حرص اور لالچ کو قرار دیا۔ وزیر نے عمارت کے مالک سمیت آتشزدگی واقعہ کے ذمہ دارافراد کو فرانزک ٹیم  کی  تحقیقات مکمل ہونے تک  حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔   جنرل فائر فورس کے تعلقات عامہ کے ڈائریکٹرمحمد الغریب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آگ ایک چھ منزلہ رہائشی عمارت میں لگی جس میں مزدور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر تھی۔

الغریب نے کہا کہ زیادہ ترہلاکتیں نیند کے دوران دھویں سے  سانس  بند ہونے کی وجہ سے ہوئیں، جبکہ بہت سے رہائشیوں کو عمارت سے نکال لیا گیا ہے۔

کویت ٹی وی نے وزارت داخلہ کے کریمنل ڈویژن کے ڈائریکٹرعيد العويحان  کے حوالے سے بتایا کہ امدادی ٹیمیں فوری  جائے وقوعہ پرپہنچیں اورفائربریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا،فرانزک ٹیم نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ العویحان نے کہا کہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور مرنے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ مقامی اخبار نے نامعلوم ذرائع سے بتایا کہ  آگ گارڈ کے کمرے سے شروع ہوکر پہلی منزل کے لاؤنج تک پھیل گئی، جس کے بعد گیس سلنڈروں کے اسٹوریج ایریا میں آگ لگ گئی جس نے باقی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق عمارت کے اندر 160 کے قریب  مزدورموجود تھے،ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر افراد کا تعلق بھارت سے ہے۔