• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

کمبوڈیا سمیت دیگر آسیان ممالک کے لیے چین بڑی منڈی کی حیثیت رکھتا ہے: کمبوڈین وزیراعظمتازترین

March 23, 2023

پنوم پن(شِنہوا) کمبوڈیا کے وزیر اعظم سمڈیچ ٹیکہو ہن سین نے کہاہے کہ چین کمبوڈیا اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے دیگر رکن ممالک کے لیے ایک بہت بڑی منڈی ہے۔

کمبوڈین وزیر اعظم  نے پنوم پن میں وانڈا انسٹی ٹیوٹ میں تقریباً 4 ہزار 700 طلباء کی گریجویشن تقریب سے خطاب میں کہا کہ کمبوڈیا اور دیگر آسیان  ممالک کمبوڈیا-چین فری ٹریڈ ایگریمنٹ (سی سی ایف ٹی اے )، آسیان-چین فری ٹریڈ ایریا (اے سی ایف ٹی اے ) اور علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری ( آر سی ای پی ) معاہدے کے ذریعے چینی مارکیٹ سے استفادہ کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جس نے تمام آسیان ممالک کو بہت سے فوائد فراہم کیے ہیں،انہوں نے کہا کہ چین کی آسیان کو برآمدات کے مقابلے میں آسیان کی چین کو برآمدات کہیں زیادہ ہیں۔

ہن سین نے کہا کہ  چین نے دنیا کی دوسری بڑی معیشت  کی حیثیت سے  کوویڈ-19 کے خلاف اپنی حکمت عملی کو بہتر بنایا اور اس سال کے شروع میں بیرون ملک گروپ ٹور دوبارہ شروع کئے جبکہ کمبوڈیا اور دیگر آسیان ممالک  کوبھی چینی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کی آمد کی توقع ہے۔

پنوم پن میں بیلٹی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر جوزف میتھیوز نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  چین ایک دہائی سے زائد عرصے سے آسیان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے اور چین-آسیان تعلقات نے اقتصادی، سماجی، تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسیان کا معاشی مستقبل چین کے اقتصادی نقطہ نظر اور ترقی سے جڑا ہوا ہے  جبکہ کوویڈ-19 کے بعد کے  دور میں چین آسیان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی شراکت دارکی حیثیت رکھتا ہے۔

آسیان ممالک میں برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویت نام شامل ہیں۔