• Columbus, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

کمبوڈیا نے چین کی مدد سے بارودی سرنگوں کے خاتمے کے منصوبےکا آغاز کر دیاتازترین

March 10, 2023

پنوم پن(شِنہوا) کمبوڈیا نے چین کی مدد سے سال 2023 سے 2025  تک بارودی سرنگوں کے خاتمے کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد تین صوبوں میں 100 مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر بچھی بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیزجنگی باقیات (ای آر ڈبلیو)کو صاف کرنا ہے۔

 کمبوڈین مائن ایکشن سینٹر (سی ایم اے سی ) کے ڈائریکٹر جنرل ہینگ رتانا نے کہا کہ لانچنگ تقریب  گزشتہ روز صوبہ سیم ریپ میں منعقد ہوئی۔

رتانا نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ چین کی مدد سے کمبوڈیا کے بارودی سرنگوں کے خاتمے کا منصوبہ 2023 سے 2025  تک کمبوڈیا کے تین صوبوں کیمپونگ تھوم، سیم ریپ اور پریہ ویہیر میں سی ایم اے سی  کی بارودی سرنگوں اورای آر ڈبلیو کلیئرنس آپریشنزمیں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ چین کی مدد سے کمبوڈیا کے بارودی سرنگوں کے خاتمے کے منصوبے کا تیسرا مرحلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دو مرحلے 2018 میں شروع ہوئے اور 2022 میں ختم ہوئے جس میں بارود سے آلودہ کل 74.9 مربع کلومیٹر زمین کو صاف کیا گیا اور 71 ہزار 558 بارودی سرنگوں اورای آر ڈبلیوزکو تباہ کیا گیا۔

رتانا نے کہا کہ پہلے دو مرحلوں میں اس منصوبے سے کل 2 لاکھ 14 ہزار 661 خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔

 کمبوڈیا بارودی سرنگوں اور ای آر ڈبلیوزسے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 1998 میں ختم ہونے والی تین دہائیوں کی جنگ اور اندرونی تنازعات  کے نتیجے میں 40 سے 60 لاکھ تک بارودی سرنگیں اور دیگر گولہ بارود بچ گئے۔