نوم پنہ (شِنہوا) کمبوڈیا کی حکمران جماعت کمبوڈین پیپلز پارٹی(سی پی پی)نے ملک کی سینیٹ یا پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے 5 ویں انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔
کمبوڈین پیپلز پارٹی کے ترجمان سوک ایسان نے ابتدائی نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کمبوڈین پیپلز پارٹی نے انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی ہے۔
انہوں نے شِںہوا کو بتایا کہ سی پی پی نے سینیٹ کی 58 نشستوں میں سے کم از کم 50 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جو ووٹوں کی مجموعی تعداد کا 80 فیصد ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جولائی 2023 کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد یہ سی پی پی کی ایک اور بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم اور سی پی پی کے 71 سالہ صدر سمدیچ ٹیکو ہن سین انتخابات کے بعد سینیٹ کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے اور بادشاہ کی ملک میں غیرموجودگی پر قائم مقام سربراہ مملکت ہوں گے۔
کمبوڈیا ، صوبہ کندل کے ایک پولنگ اسٹیشن پر کمیون کاؤنسلرز سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے اپنی باری کے منتظر ہیں۔ (شِنہوا)
سینیٹ انتخابات کا انعقاد ہر 6 سال بعد ہوتا ہے اور اس میں ملک کی صرف قومی اسمبلی یا ایوان زیریں کے ارکان اور کمیون کونسلرز ہی ووٹ ڈالنے کے اہل ہوتے ہیں۔
سینیٹ کی 62 نشستیں ہیں جس کی 58 نشستوں کے لیے رائے شماری ہوئی باقی 4 میں 2 پر نامزدگی کمبوڈیا کے بادشاہ نورڈوم سیہامونی اور 2 قومی اسمبلی کرے گی۔
اتوار کو ہونے والے انتخابات میں 4 سیاسی جماعتوں سی پی پی، رائلسٹ فنکنپیک پارٹی، خمیر ول پارٹی اور نیشنل پاور پارٹی نے حصہ لیا تھا۔