پنوم پنہ (شِنہوا) کمبوڈیا کے وزیر اعظم سمدیچ ٹیچو ہن سین نے کہا ہے کہ چینی قمری نئے سال کو اس مملکت میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور ایک اندازے کے مطابق 80 فیصد آبادی یہ تہوار مناتی ہے۔
کمبوڈین یونیورسٹی برائے اسپیشلٹیز میں پیر کے روز تقریباً 6 ہزار 800 طلباء کی گریجویشن تقریب کے دوران ایک تقریر میں ہن سین نے کہا کہ اس سے قبل ان کے ملک میں تقریباً 10 فیصد لوگ ہی یہ تہوار مناتے تھے۔
70سالہ وزیر اعظم نے کہا کہ اب تقریباً 70 سے 80 فیصد لوگ اسے مناتے ہیں۔
ہن سین نے کہا کہ ان کے خاندان کے تمام افراد بشمول ان کی اہلیہ، بچے، رشته دار اور نواسے چینی نئے سال کا جشن مناتے ہیں۔
سال 2023 میں چینی قمری نئے سال یا موسم بہار تہوار کا آغاز اتوار کو ہوا ہے۔
کمبوڈیا کی پنناساسٹرا یونیورسٹی کے نائب صدر سامبو منارا نے کہا کہ تاریخی تعلقات نے کمبوڈیا اور چین کے لوگوں کے درمیان دوستی کے قریبی رشتے کو جنم دیا ہے۔
انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ کمبوڈیا کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد چینی نسل سے تعلق رکھتی ہے اور ہمارا اندازہ ہے کہ کمبوڈین شہری علاقوں میں تقریباً 80 فیصد اور دیہی علاقوں میں رہنے والے 40 فیصد لوگ چینی نئے سال کا جشن مناتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کمبوڈیا میں تاریخ کے پروفیسر ڈیپ سوفل نے کہا کہ یہ جنوب مشرقی ایشیائی قوم عام طور پر سال میں نئے سال کے تین تہوار یعنی یونیورسل نیو ایئر، چینی نیا سال اور کمبوڈیا کا نیا سال مناتی ہے۔